وقف بورڈ چیرمین شپ اور مسلم قائدین

کرناٹک اسمبلی الیکشن کے خوش آئند نتائج آنے کے بعد سے  ریاست کے ہی نہیں بلکہ پورے مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ پورے ہندوستانی عوام بالخصوص مسلمان بی جے پی اور آر یس یس کی فرقہ واریت اور تعصب پرستی سے تنگ آچکے تھے۔ہر دن کوئی نہ کوئی نیا مسلم مخالف مسئلہ چھیڑ کر مسلمانوں کو ذہنی تناؤ میں مبتلا کیا جاتا تھا۔ اور یہ تلخ حقیقت ہے کہ اس روح فرسا حالات میں بھی چند تملق باز نام نہاد مسلم قائدین بی جے پی اور آر یس یس کی کٹھ پتلی بن کر تلوے چاٹ رہے تھے۔ انہیں مسلم قوم کی فلاح وبہبود سے زیادہ اپنی مفاد پرستی اور خود غرضی اور منصب کی فکر دامن گیر تھی۔ اب جب ریاست کرناٹک میں کانگریس کی حکومت بن گئی تو پوری عوام تبدیلی کی خواہاں ہے۔ کانگریس بھی  بی جے پی کے نامزد کئے گئے تمام سرکاری بورڈس اور کارپوریشنوں کے صدر وچیرمینوں کو برطرف کرنے کی کاروائیاں میں سرگرم عمل ہے۔ اسی کی ایک کڑی تھی وقف بورڈ کے چیرمین محترم شافع سعدی کی نامزدگی کو دو دن پہلے منسوخ کر دیا گیا جس  کی خبر ریاست کے ہر اخباروں کی شہ سرخی بنی ہوئی تھی۔ پھر اچانک چوبیس گھنٹوں میں برطرفی کا حکم واپس لیا جاتا ہے اور پھر از سرے نو شافع سعدی ہی کو چیرمین مقرر کیا جاتا ہے۔
ایسا لگ رہا ہے کہ کہ وقف بورڈ کی چیرمین شب میں کوئی تبدیلی آنے والی نہیں ہے۔ دو دن پہلے جو کچھ ہوا وہ سب ڈھونگ اور ناٹک تھا۔ آپ کے حاشیہ خیال میں یہ بات گردش کررہی ہوگی کہ جناب کولاری کو کیا ہوا جو چیرمین پر برس پڑے۔ بات وقف بورڈ کی چیرمین شپ کی نہیں بلکہ اوقافی املاک کی حفاظت اور اقلیتی مسلمانوں کے حقوق کی پاسداری کی ہے بس ۔ جس سے ہمارے محترم چیرمین کو کوئی دلچسپی نہیں۔ مزید برآں کہ چیرمین صاحب نے اپنے چیرمین شپ کے وقت جن بدعنوانیوں اور دھاندلیوں میں مبتلا تھے وہ سب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔
الیکشن کے وقت وہ بی جے پی کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ بی جے پی کے لیے ووٹ کی بھیک مانگتے ہیں۔ کانگریس پر تنقید پر تنقید کرتے جارہے تھے۔ جیسے ہی ریاست میں کانگریس کی فتح اور جیت کا اعلان ہوتاہے تو فوراً کچھ زرخرید غیر ریاستی ملاؤں کو جمع کرکے بڑی بے شرمی کے ساتھ کانگریسی باور کرانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس پر مستزاد یہ کہ حکومت سے وزارت کی کرسیوں کی مانگ بھی کرتے ہیں۔ یہ سب ایک عالم کہلانے والے محترم جناب کو زیب نہیں دیتا ہے۔ گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہوئے کہتے کہ ہم نے کانگریس کو جتایا ۔ ہم نے مسلم ووٹ بینک کو متحد کیا وغیرہ وغیرہ۔ جناب کے مکرو فریب کو داد دینے کو جی چاہتا ہے۔ اور ابن الوقتی کسی کو سیکھنا ہو تو جناب سے سیکھیں۔
اب آئیے ذرا یہ بھی جائزہ لیتے ہیں کہ ہمارے چیرمین صاحب کے بارے میں مسلم قائدین کیا موقف رکھتے ہیں۔ تو سنئے جناب عبدل رفیق احمد صاحب چیرمین امانت بینک وصدر الرحیم ایجوکیشنل اینڈ چاریٹبل ٹرسٹ کہتے ہیں شافع سعدی کی بدعنوانیوں اور دھاندلیوں کی تحقیقات کراکے ان کو اور ان کی پوری ٹیم کو سزادی جائیں۔ مزید کہتے ہیں کہ شافع سعدی کرناٹک کے بہت سارے اوقافی املاک پر ناجائز قبضہ کرکے انکے بزنس پارٹنر دوبئی کے دوست کے ساتھ سودا بازی کرچکے ہیں۔ جو ہر کوئی جانتا ہے جس کے تمام دستاویزات ہمارے پاس موجود ہیں۔ سینئر کانگریس لیڈر جناب عبید اللہ شریف کا کہنا ہے کہ شافع سعدی کو بی جے پی سے قریبی تعلقات تھے اور آج بھی ہیں۔ بی جے پی کے لیے کام کرنے والا آر یس یس کا ایجنٹ نہیں تو اور کیا ہے۔ اسی فرمانبرداری اور چاپلوسی کی وجہ سے دونوں مرتبہ بی جے پی نے جناب عالی کو وقف بورڈ ممبرشب سے نوازا تھا۔ اب صدائے اتحاد کے رکن جناب موحد علی بابا کہتے ہیں کہ شافع سعدی کا بائیکاٹ ہونا چاہیے کیونکہ انہوں نے اس چیرمین شپ کی مدت میں ترقی کے بجائے اوقافی املاک پر ناجائز قبضہ اور گھپلہ کرتے رہے۔ اب انڈین یونین مسلم لیگ کے ریاستی صدر جاوید اللہ نے بھی شافع سعدی پر سخت تنقید کی۔ اور کہا کہ کانگریس کو جتانے کے لیے مسلم لیگ نے انتھک کوشش کی ہے۔ وزارت دیتے وقت کانگریس دوراندیشی سے کام لیں اور اچھے لوگوں کو وزارت کی ذمے داریاں سونپے۔ نا اہلوں کو بٹھاکر اپنا امیج خراب نہ کریں۔ ان کے علاوہ بی یس رفیع اللہ صاحب اور آصف سیٹھ نے بھی شافع سعدی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں اس ذمے داری کے لیے نا اہل قرار دیا۔
اب ہم محترم وعزت مآب وزیر اعلیٰ شری سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شو کمار صاحب سے اپیل کرتے ہیں کہ وقف بورڈ چیرمین ایسے شخص کو بنایا جائے جو اقلیت اور اوقافی املاک کی حفاظت کرسکیں اور اس بڑی ذمے داری کا صحیح معنوں میں حق دار بھی ہو ۔ جس پر ڈھیر ساری بدعنوانیوں اور دھاندلیوں کے الزامات ہیں اگر اسی شخص کو بنا دیا جائیں تو گویا چور کے ہاتھ خزانے کی چابیاں سونپنے کے مترادف ہے۔وقف بورڈ چیرمین شپ کے بارے میں لیے گئے عبوری فیصلے پر نظرثانی کریں۔ تاکہ حق حقدار کو پہنچے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ رب قدیر ایسے دین کے سوداگروں سے امت مسلمہ کی حفاظت فرمائے اور صحیح قیادت عطا فرمائے

Related Posts

Leave A Comment

Voting Poll

Get Newsletter