بھیونڈی میں ''دارالہدیٰ روبی جوبلی''تقریب بنام ''اصلاحِ معاشرہ'' کا کامیاب انعقاد

بھیونڈی،مہاراشٹر:  30/ دسمبر 2024 بروز پیر، بھیونڈی میں ہندوستان کے صوبوں میں تعلیمی اعتبارسے عظیم مثال رکھنے والے صوبہ کیرلا میں موجود عصری و مادی علوم کی عظیم آماجگاہ”دارالہدیٰ اسلامک یونیورسٹی“کے 40 سالہ جشنِ روبی جوبلی کے تحت ’اصلاحِ معاشرہ‘ نامی ایک اہم تقریب کا انعقاد ہوا جو نہایت کامیاب اور مثمرِ ثمر ثابت ہوئیں۔ اس تقریب کا مقصد سماجی، معاشرتی، عائلی و تعلیمی موضوعات پر گفتگو کرنا نیزسامعين اور علمائے کرام تک دارالہدیٰ کی خدمات کا تعارف کرانا تھا۔ اس تقریب کا انعقاد ''ہادیہ بھیونڈی سی ایس ای سب سینٹر'' اور'' ہادیہ مہاراشٹر چیپٹر'' کے زیرِ اہتمام کیا گیا۔یہ تقریب بارہ دری ہال، ونجار پٹی ناکہ، بھیونڈی میں رات 9 بجے سے 11 بجے تک جاری رہی۔

''اصلاحِ معاشرہ'' کے عنوان سے منعقدہ اس تقریب میں مہمانانِ خصوصی حضرت علامہ ابو الحسن نوری (خطیب و امام اولیاء مسجد، غیبی نگرو معلم جامعہ حرا نجم العلوم، مہاپولی) اور حضرت علامہ سجاد احمد برکاتی (خطیب و امام گلشن ِ مدینہ مسجد و معلم جامعہ حرا نجم العلوم، مہاپولی) نے شرکت کی جبکہ اسی جامعہ سے فارغ حضرت علامہ علی حسین ہاشمی  ہدوی صاحب  نے نظامت و نقابت کی ذمے داری سنبھالی۔

پروگرام کا آغاز علامہ ارشاد احمد ہدوی (سیکریٹری مہاراشٹر ہادیہ چیپٹر) کے پرزنٹیشن سے ہوا، جس میں انہوں نے دارالہدیٰ اسلامک یونیورسٹی کی 40 سالہ خدمات، اس کے تعلیمی نظام اور سماجی و تعلیمی کامیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ مہمانانِ خصوصی نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں موجودہ معاشرتی مسائل اور ان کے حل پر گفتگو کی۔مولانا ابوالحسن نوری صاحب نے دارالہدیٰ کے تعلیمی نصاب اور فارغین کی تعریف کرتے ہوئے سامعین کو بچوں کی بہتر تربیت کے لیے ایسے اداروں سے جڑنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ دارالہدیٰ جیسے ادارے طلبہ کو عالم دین کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر، انجینئر، وکیل اور مختلف شعبہ جات میں نمایاں مقام دلانے کے قابل بناتے ہیں۔مولانا سجاد احمد برکاتی صاحب نے دارالہدیٰ اور اس کے فارغین کی تنظیم ’’ہادیہ‘‘ اور ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے شرکاء کو کیرلا  ماڈل مکتب سسٹم سے جڑنے کی دعوت دی اور دارالہدیٰ و ہادیہ کے اس مشن کو مزید تقویت دینے پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پروگرام کو بھرپور سراہا اور دارالہدیٰ کے مشن کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔ اس کامیاب تقریب کے انعقاد میں ’’ہادیہ بھیونڈی سی ایس ای سب سینٹر‘‘ اور ’’ہادیہ مہاراشٹر چیپٹر‘‘ کے اراکین، بالخصوص جناب حامد انصاری ہدوی، مزمل ہدوی، شیخ جنید ہدوی، شیخ ارشاد احمد ہدوی  اور اسداللہ ہدوی کی انتھک محنت شامل رہی۔اللہ تعالیٰ ان تمام افراد کو جزائے خیر عطا فرمائے جنہوں نے اس تقریب کی کامیابی کے لیے کوشش کی اور حاضرین کو اسلامی تعلیمات اور سماجی اصلاح کی جانب راغب کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ یہ تقریب نہ صرف تعلیمی بلکہ سماجی ترقی کے لیے بھی ایک سنگِ میل ثابت ہوئی۔

Related Posts

Leave A Comment

Voting Poll

Get Newsletter