جنگِ بدر تاریخِ اسلام کا ایک درخشاں باب (جنگ بدر ۱۷/ رمضان المبارک پر خاص)
اسلامی تاریخ میں بعض ایام ایسے ہیں جو صرف تاریخ کے صفحات تک محدود نہیں رہتے بلکہ وہ ایمان و یقین کی شمعیں روشن کر کے آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا چراغ بن جاتے ہیں۔ ماہ رمضان المبارک کا سترہواں دن بھی انہی مبارک ایام میں سے ایک ہے جسے تاریخِ اسلام میں غیر معمولی عظمت و رفعت حاصل ہے۔ یہ وہ دن ہے جب حق و باطل کے درمیان پہلا عظیم معرکہ برپا ہوا اور جسے دنیا غزوہ بدر کے نام سے جانتی ہے۔ یہ جنگ محض تلواروں کی جھنکار اور لشکروں کے تصادم کا نام نہیں بلکہ یہ دراصل ایمان و یقین، صبر و استقامت اور نصرتِ الٰہی کی جلوہ گری کا ایسا روشن باب ہے جس نے اسلامی تاریخ کا رخ بدل دیا۔ اس معرکے نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ جب بندگانِ خدا اپنے رب پر کامل اعتماد اور رسولِ ہاشمی صلی الله علیہ وسلم کی قیادت پر کامل یقین کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں تو قلیل وسائل اور محدود طاقت کے باوجود الله تعالیٰ کی مدد ان کے شاملِ حال ہو جاتی ہے اور ناممکن کو ممکن بنا دیتی ہے۔ رمضان المبارک کی وہ بابرکت صبح تھی جب مدینہ منورہ کی فضائیں ذکر و دعا سے معطر تھیں۔ سترہ رمضان کو فجر کی نماز کے بعد رسولِ اکرم ﷺ نے اپنے جاں نثار صحابہ کرام رضوان الله علیہم اجمعین کو جمع فرمایا۔ آپ ﷺ نے انہیں جہاد کی تلقین فرمائی، ان کے قلوب میں ایمان کی حرارت کو مزید بیدار کیا اور ایک ایسی حکمتِ عملی مرتب فرمائی جس میں تدبیر بھی تھی اور توکل بھی۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ اس وقت مسلمانوں کی حالت ظاہری اسباب کے اعتبار سے انتہائی کمزور تھی۔ ان کے پاس نہ تو وافر اسلحہ تھا، نہ جنگی ساز و سامان اور نہ ہی افرادی قوت کی کثرت۔ کل تین سو تیرہ مجاہدین تھے جن میں چند گھوڑے اور چند اونٹ تھے جبکہ دوسری طرف قریشِ مکہ کا لشکر ایک ہزار کے قریب جنگجوؤں پر مشتمل تھا جن کے پاس اسلحہ، گھوڑے، زرہیں اور دیگر جنگی وسائل کی فراوانی تھی۔ مگر ایمان و یقین کے پیمانے پر دیکھا جائے تو حقیقت اس کے بالکل برعکس تھی کیونکہ ایک طرف تکبر و غرور سے لبریز لشکر تھا اور دوسری جانب ایمان و اخلاص سے سرشار وہ جماعت تھی جس کی قیادت سرورِ کائنات ﷺ فرما رہے تھے۔ رسولِ اکرم ﷺ نے میدانِ بدر میں اپنے دستِ مبارک میں ایک تیر لیا ہوا تھا اور اسی کے اشارے سے آپ مجاہدینِ اسلام کی صفیں درست فرما رہے تھے۔ یہ منظر اپنے اندر روحانی عظمت اور عسکری نظم و ضبط کا حسین امتزاج رکھتا تھا۔ آپ ﷺ نے لشکرِ اسلام کے جھنڈے مختلف قبائل کے معزز صحابہ کے سپرد فرمائے۔ مہاجرین کا علم حضرت مصعب بن عمیر رضی الله عنہ کو عطا فرمایا، انصار میں سے قبیلہ خزرج کا علم حضرت حباب بن منذر رضی الله عنہ کو اور قبیلہ اوس کا علم حضرت سعد بن معاذ رضی الله عنہ کے حوالے کیا۔ اس طرح اسلامی لشکر پوری سنجیدگی اور نظم کے ساتھ صف آرا ہو گیا۔
دوسری طرف مشرکینِ مکہ کا لشکر اپنی کثرتِ تعداد اور ظاہری شان و شوکت کے غرور میں مبتلا تھا۔ وہ نسلی تفاخر اور جاہلی عصبیت کے نعرے لگاتے ہوئے میدان میں اترا تھا اور اسے یقین تھا کہ ایک مختصر اور بے سروسامان جماعت اس کے سامنے زیادہ دیر تک ٹھہر نہیں سکے گی۔ لیکن اس معرکے کی اصل طاقت نہ تلواریں تھیں اور نہ نیزے بلکہ اس کی اصل قوت وہ دعا تھی جو رحمتِ عالم ﷺ کے لبوں سے بارگاہِ الٰہی میں عرض کی جا رہی تھی۔ جب آپ ﷺ نے اپنے جاں نثار صحابہ کو دیکھا اور ان کی قلیل تعداد اور بے سروسامانی پر نظر ڈالی تو آپ کا قلبِ مبارک بارگاہِ رب العزت میں جھک گیا۔ آپ ﷺ نے نہایت عاجزی اور تضرع کے ساتھ دعا فرمائی: اے الله! تو نے مجھ سے جو وعدہ فرمایا ہے اسے پورا فرما۔ اے اللہ! اگر آج یہ مٹھی بھر جماعت ہلاک ہو گئی تو روئے زمین پر تیری عبادت کرنے والا کوئی باقی نہیں رہے گا۔ یہ دعا دراصل اس یقینِ کامل کا اظہار تھی جو الله تعالیٰ کی نصرت پر رسولِ اکرم ﷺ کے دل میں موجزن تھا۔ الله تعالیٰ نے اپنے محبوب کی اس عاجزانہ فریاد کو شرفِ قبولیت بخشا اور قرآنِ کریم میں ارشاد فرمایا کہ اس نے مسلمانوں کی مدد کے لیے ایک ہزار فرشتے نازل فرمائے۔ سورہ انفال میں اس نصرتِ غیبی کا ذکر بڑی وضاحت کے ساتھ موجود ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ الله تعالیٰ اپنے بندوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتا جب وہ اخلاص کے ساتھ اس پر بھروسا کرتے ہیں۔
جب جنگ کا آغاز ہوا تو بظاہر تمام تر اسباب کفارِ مکہ کے حق میں تھے لیکن مسلمانوں کے دلوں میں جو ایمان کی روشنی تھی وہ ہر ظاہری طاقت پر غالب آ گئی۔ صحابہ کرام رضوان الله علیہم اجمعین نے بے مثال شجاعت، جرات اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔ ان کے دلوں میں شہادت کی آرزو اور دینِ حق کی سربلندی کا جذبہ موجزن تھا۔ وہ اس یقین کے ساتھ میدان میں اترے تھے کہ اگر فتح نصیب ہوئی تو دین کی عزت بلند ہو گی اور اگر شہادت ملی تو جنت کی دائمی نعمتیں ان کا مقدر بنیں گی۔ چنانچہ اس ایمانی قوت کے سامنے کفارِ مکہ کی ظاہری طاقت زیادہ دیر تک ٹھہر نہ سکی۔ جنگ کے دوران قریش کے بڑے بڑے سردار مارے گئے جن میں ابو جہل، عتبہ بن ربیعہ، شیبہ بن ربیعہ اور امیہ بن خلف جیسے نام شامل تھے۔ ان کی ہلاکت کے ساتھ ہی قریش کی صفوں میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ میدان چھوڑ کر فرار ہونے لگے۔ اس طرح الله تعالیٰ نے اپنے وعدے کو سچ کر دکھایا اور مسلمانوں کو ایسی عظیم فتح نصیب ہوئی جس نے تاریخ کا رخ بدل دیا۔ غزوہ بدر محض ایک جنگ نہیں تھی بلکہ یہ ایمان اور یقین کی وہ عملی تفسیر تھی جس نے دنیا کو یہ سبق دیا کہ کامیابی کا اصل راز الله تعالیٰ پر کامل توکل اور اس کے دین کے لیے اخلاص کے ساتھ جد وجہد کرنے میں ہے۔ اس معرکے نے مسلمانوں کو یہ بھی سکھایا کہ جب کسی قوم کے دلوں میں ایمان کی حرارت زندہ ہو۔ جب اس کے افراد میں قربانی کا جذبہ موجزن ہو اور جب وہ الله تعالیٰ کی رضا کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیں تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی۔
غزوہ بدر کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ اس نے اسلامی ریاست کی بنیاد کو مضبوط کیا۔ اس فتح کے بعد مدینہ کی اسلامی حکومت کو ایک نئی قوت اور وقار حاصل ہوا۔ عرب کے قبائل پر یہ واضح ہو گیا کہ اسلام محض ایک مذہبی دعوت نہیں بلکہ ایک زندہ اور متحرک قوت ہے جس کے پیچھے الله تعالیٰ کی تائید و نصرت موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے بعد اسلام کی دعوت تیزی سے پھیلنے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے عرب کے مختلف قبائل اس کے زیرِ اثر آنے لگے۔ یہ معرکہ اہلِ ایمان کے لیے ہمیشہ ایک زندہ سبق کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کامیابی صرف اسباب و وسائل کی فراوانی کا نام نہیں بلکہ اصل کامیابی ایمان کی پختگی، نیت کی اخلاص اور الله تعالیٰ پر کامل اعتماد میں پوشیدہ ہے۔ جو لوگ محض مادی وسائل کو سب کچھ سمجھتے ہیں اور غیبی امداد یا معجزات کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار رہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ غزوہ بدر کے واقعات کو گہرائی سے پڑھیں۔ انہیں معلوم ہو جائے گا کہ مسبب الاسباب کی قدرت انسانی حساب و کتاب سے کہیں زیادہ وسیع اور غیر محدود ہے۔ درحقیقت بدر کی فتح نے یہ حقیقت ہمیشہ کے لیے ثبت کر دی کہ جب بندہ اپنی کمزوریوں کا اعتراف کرتے ہوئے ربِ کائنات کے سامنے جھک جاتا ہے تو پھر آسمانوں سے نصرت کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ یہی وہ پیغام ہے جو بدر کے میدان سے قیامت تک آنے والی نسلوں کو ملتا رہے گا کہ ایمان، اخلاص، صبر اور توکل وہ قوتیں ہیں جو ناممکن کو ممکن بنا دیتی ہیں۔ یہی وہ روحانی طاقت ہے جس کے سہارے ایک کمزور جماعت نے ایک عظیم طاقت کو شکست دی اور تاریخ میں ہمیشہ کے لیے سربلند ہو گئی۔
غزوہ بدر کا یہ تابناک واقعہ صرف ماضی کی ایک تاریخی داستان نہیں بلکہ ہر دور کے مسلمانوں کے لیے ایک زندہ پیغام اور دائمی درس رکھتا ہے۔ اس معرکے کی گونج ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ تاریخ میں وہی قومیں سرخرو ہوتی ہیں جو اپنے ایمان کی قوت کو زندہ رکھتی ہیں، اپنے مقصد سے وفادار رہتی ہیں اور اپنے رب پر کامل بھروسا کرتی ہیں۔ بدر کے میدان میں مسلمانوں کی قلیل تعداد، محدود وسائل اور بظاہر کمزور ظاہری حالت اس حقیقت کو نمایاں کرتی ہے کہ کامیابی کا اصل معیار مادی اسباب کی کثرت نہیں بلکہ روحانی طاقت اور اخلاص کی گہرائی ہے۔ جب انسان اپنے رب کے حضور جھک جاتا ہے، اپنی کمزوریوں کا اعتراف کرتا ہے اور اس کی نصرت پر کامل یقین رکھتا ہے تو پھر ناممکن راستے بھی آسان ہو جاتے ہیں اور شکست کے سائے فتح کی روشنی میں بدل جاتے ہیں۔ بدر کا معرکہ ہمیں یہ سبق بھی دیتا ہے کہ دین کی سربلندی کے لیے قربانی اور استقامت بنیادی شرط ہے۔ صحابہ کرام رضوان الله علیہم اجمعین نے اپنے جان و مال، آرام و آسائش اور ذاتی مفادات کو دین کی خاطر قربان کرنے میں کوئی تامل نہیں کیا۔ ان کے سامنے نہ دنیاوی مفاد تھا اور نہ ہی کسی مادی فائدے کی امید، بلکہ ان کی نگاہ صرف الله تعالیٰ کی رضا اور اس کے رسول صلی الله علیہ وسلم کی اطاعت پر مرکوز تھی۔ یہی خلوص اور یہی بے لوث جذبہ تھا جس نے انہیں تاریخ کے افق پر ہمیشہ کے لیے روشن کر دیا۔ آج کے مسلمان کے لیے یہ واقعہ ایک آئینہ ہے جس میں وہ اپنی حالت کا جائزہ لے سکتا ہے کہ آیا اس کے اندر بھی وہی اخلاص، وہی قربانی اور وہی توکل موجود ہے جو بدر کے مجاہدین کے دلوں میں موجزن تھا۔ اس معرکے کا ایک اہم درس اتحاد و نظم کا بھی ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ نے جس حکمت و بصیرت کے ساتھ لشکرِ اسلام کی صف بندی فرمائی اور جس نظم و ضبط کے ساتھ مجاہدین کو منظم کیا وہ اس بات کی دلیل ہے کہ کامیابی کے لیے روحانی قوت کے ساتھ عملی تدبیر بھی ضروری ہے۔ اسلام محض جذباتی جوش کا نام نہیں بلکہ حکمت، بصیرت اور نظم و ضبط کا بھی درس دیتا ہے۔ بدر میں مسلمانوں نے نہ صرف اپنے ایمان کی طاقت دکھائی بلکہ عملی حکمتِ عملی اور اجتماعی نظم کا بھی بہترین مظاہرہ کیا۔ اگر امتِ مسلمہ اپنے اندر اتحاد پیدا کر لے، باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال دے اور ایک مقصد کے تحت منظم ہو جائے تو وہ ہر طرح کی مشکلات اور چیلنجز کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ بدر ہمیں یہ حقیقت بھی یاد دلاتا ہے کہ غرور و تکبر ہمیشہ شکست کا سبب بنتا ہے۔ قریشِ مکہ اپنے لشکر کی کثرت، اپنے اسلحے کی فراوانی اور اپنی ظاہری طاقت کے گھمنڈ میں مبتلا تھے۔ وہ سمجھتے تھے کہ ان کے سامنے کوئی طاقت ٹھہر نہیں سکتی۔ لیکن تاریخ نے ثابت کر دیا کہ جب غرور انسان کی آنکھوں پر پردہ ڈال دیتا ہے تو وہ حقیقت کو دیکھنے سے محروم ہو جاتا ہے اور بالآخر شکست اس کا مقدر بن جاتی ہے۔ اس کے برعکس مسلمانوں کے دل عاجزی، توکل اور اخلاص سے لبریز تھے اور یہی صفات انہیں اللہ کی نصرت کا مستحق بنا گئیں۔
آج کے دور میں جب مسلمان دنیا کے مختلف حصوں میں مختلف آزمائشوں اور چیلنجوں کا سامنا کر رہے ہیں تو بدر کا واقعہ انہیں حوصلہ اور امید کا پیغام دیتا ہے۔ یہ معرکہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حالات چاہے کتنے ہی دشوار کیوں نہ ہوں، اگر ایمان کی شمع دلوں میں روشن رہے، اگر الله تعالیٰ پر بھروسا قائم رہے اور اگر مقصد کی پاکیزگی برقرار رہے تو پھر کامیابی کا راستہ ضرور کھلتا ہے۔ بدر کی تاریخ ہمیں مایوسی سے نکال کر امید کی طرف بلاتی ہے اور ہمیں یہ یقین دلاتی ہے کہ الله تعالیٰ کی نصرت ہمیشہ ان لوگوں کے ساتھ ہوتی ہے جو سچائی اور حق کے راستے پر ثابت قدم رہتے ہیں۔ لہٰذا آج کے مسلمان کے لیے بدر کا پیغام یہی ہے کہ وہ اپنے ایمان کو مضبوط بنائے، اپنے کردار کو پاکیزہ کرے، اپنے اندر اخلاص اور تقویٰ پیدا کرے اور اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کے ساتھ زندگی گزارے۔ جب فرد کا ایمان مضبوط ہوگا اور معاشرہ اخلاص و دیانت کی بنیاد پر استوار ہوگا تو پھر وہی روحانی قوت دوبارہ پیدا ہو سکتی ہے جس نے بدر کے میدان میں تاریخ کا دھارا بدل دیا تھا۔ درحقیقت بدر کی فتح ہمیں یہ بتاتی ہے کہ اللہ کی مدد اس قوم کے ساتھ ہوتی ہے جو اس کے دین کے ساتھ مخلص ہو، جو اپنے مقصد میں سچی ہو اور جو ہر حال میں اپنے رب کی رضا کو مقدم رکھے۔ یوں غزوہ بدر کا یہ عظیم واقعہ قیامت تک کے مسلمانوں کے لیے ہدایت و بصیرت کا سر چشمہ رہے گا۔ ایمان، اخلاص، صبر، قربانی اور توکل وہ روحانی اقدار ہیں جن سے قومیں زندہ ہوتی ہیں اور تاریخ کے افق پر اپنا مقام پیدا کرتی ہیں۔ بدر کا پیغام دراصل یہی ہے کہ اگر مسلمان اپنے اندر وہی روحانی صفات پیدا کر لیں جو صحابہ بدر کے دلوں میں تھیں تو پھر دنیا کی کوئی طاقت انہیں عزت و سربلندی کے مقام تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔ یہی وہ ابدی درس ہے جو بدر کے میدان سے پوری امتِ مسلمہ کو ہمیشہ کے لیے ملتا رہے گا اور یہی وہ روشنی ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے راہِ ہدایت کا چراغ بنی رہے گی۔