شمس العلماء عربی کالج میں یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی
یوم جمہوریہ ہند کے پر مسرت موقع پر شمس العلماء عربک کالج کے صحن میں بروز بدھ صبح 7:45 پر حب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ ماہر زبان و قلم مفتی رفیق احمد ہدوی نظامی پرنسپل جامعہ ہذا نے دیگر اساتذہ کے ہمراہ پرچم کشائی کی ۔ جس میں استاذ الاساتذہ مولانا عبداللطیف باقوی، مولانا رضی احمد ہدوی، جناب اسد سر، مولانا محمد رضوان مصباحی، جناب نواز سر سمیت جامعہ کے تمام طلبہ نے شرکت کی۔
اس حسین تقریب کے موقع پر ماہر زبان و قلم مفتی رفیق احمد ہدوی نظامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز ہندوستان ہمارے بزرگوں کی متفقہ جہدِ مسلسل اور بے لوث قربانیوں کے نتیجے میں آزاد ہوا ہے، اور آزادی کی سرفروشانہ تحریک میں علمائے مدارس نے اہم کردار ادا کیا، بطور خاص اس میدان میں بطل حریت، قائد انقلاب علامہ فضل حق خیرآبادی کی مساعی جمیلہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ہمیں آزادی و حب الوطنی کے جوش و جذبے کا درس دیتی رہیں گی۔۔۔ آپ نے حالات حاضرہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ آج اس ملک کے لیے ہماری تمام تر قربانیوں کو فراموش کر کے ہمیں ملک مخالف بتا کر مسلم نسل کشی کی ناکام منصوبہ بندی ہو رہی ہے، جسے ہم گنگا جمنی تہذیب کے ماننے والے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آپ نے مزید کہا کہ ہمیں آج کے شرپسند عناصر اور بھگوا تنظیموں سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی کوئی ضرورت نہیں، ملک ہندوستان تو ہمارے دل میں بستا ہے۔ آپ نے آئین ہند پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں جمہوریہ ہند کا دستور پڑھنے، اسے عام کرنے اور اس کے تحفظ و بقا کے لیے لئے آگے بڑھنا ہوگا اور اپنے اسلاف کی پیروی کرتے ہوئے اس ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے متحد ہو کر شانہ بشانہ قدم بڑھانے کی ضرورت ہے۔۔ اس کے بعد سینئر طلبہ نے دلنشین لب و لہجے میں قومی ترانہ اور ترانۂ ہند پیش کیا ۔ تقریب کا اختتام جامعہ کے سینئر استاذ حضرت مولانا عبد اللطیف باقوی صاحب کی دعا پر ہوا، جس میں ملک کی تعمیر و ترقی، امن و امان اور اخوت و بھائی چارگی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔