ایک لمحہ، ایک کوشش، ایک زندگی
زندگی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے۔ بعض اوقات اچانک پیش آنے والا حادثہ، دل کا بند ہو جانا یا سانس رک جانا کسی انسان کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ ایسے نازک حالات میں ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے۔ بروقت مدد اور درست طریقۂ کار کسی انسان کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اسی لیے (Basic Life Support — BLS) کی اہمیت کو سمجھنا اور اس کی تربیت حاصل کرنا ضروری ہے۔
BLS میں چند بنیادی اقدامات شامل ہیں جن پر ایمرجنسی صورتِ حال میں مناسب ترتیب سے عمل کرنا چاہیے۔
جائے وقوعہ کی حفاظت :(Scene Safety) سب سے پہلے یہ یقینی بنائیں کہ جائے وقوعہ آپ اور متاثرہ شخص، دونوں کے لیے محفوظ ہے۔ آگ، بجلی کے تاروں یا ٹریفک جیسے خطرات کی موجودگی میں احتیاط کریں۔
مریض کے ردِعمل کی جانچ :(Check Responsiveness) متاثرہ شخص کے کندھے کو آہستہ سے تھپتھپائیں اور پوچھیں کہ کیا وہ ٹھیک ہے۔ اگر وہ جواب نہ دے تو اس کی سانس کا جائزہ لیں۔
ایمرجنسی مدد طلب کرنا :(Activate Emergency Response) اگر شخص بے ہوش ہو اور معمول کے مطابق سانس نہ لے رہا ہو یا صرف ہانپ رہا ہو تو فوراً ایمبولینس کو کال کریں۔ اورکسی دوسرے شخص سے(Automated External Defibrillator) AED لانے کو بھی کہیں۔
سانس کی نالی کھولنا: (Open Airway) اگر گردن کی چوٹ کا شبہ نہ ہو تو سر کو احتیاط سے پیچھے جھکائیں اور ٹھوڑی اوپر اٹھائیں، تاکہ ہوا کے گزرنے کا راستہ کھل سکے۔
مصنوعی سانس دینا :(Rescue Breaths)تربیت یافتہ فرد بالغ شخص کو 30 سینے کے دباؤ کے بعد 2 مصنوعی سانس دے سکتا ہے۔ اگر مصنوعی سانس دینے کی تربیت نہ ہو تو ایمرجنسی آپریٹر کی ہدایات کے مطابق مسلسل سینے کے دباؤ فراہم کریں۔
سینے پر دباؤ دینا :(Chest Compressions) بالغ شخص میں CPR شروع کریں۔ سینے کے درمیان 100 سے 120 مرتبہ فی منٹ کی رفتار سے دباؤ دیں۔ دباؤ کی گہرائی تقریباً 5 سے 6 سینٹی میٹر ہونی چاہیے اور ہر دباؤ کے بعد سینے کو مکمل طور پر واپس آنے دیں۔
(Defibrillation) AED ڈیفبریلیشن کا استعمالAED: دستیاب ہوتے ہی اسے آن کریں اور اس کی ہدایات پر عمل کریں۔ برقی جھٹکے کے وقت کسی کو مریض کو چھونے نہ دیں اور ہدایات کے مطابق فوراً CPR دوبارہ شروع کریں۔
یہ اقدامات ایمرجنسی حالات میں زندگی بچانے کی کوشش کا بنیادی حصہ ہیں۔ بچوں اور شیر خوار بچوں کے لیے CPR کا طریقہ بالغ افراد سے مختلف ہوتا ہے، اس لیے ان کی عمر کے مطابق تربیت حاصل کرنا ضروری ہے۔ طبی امداد پہنچنے تک مناسب اقدامات جاری رکھنا متاثرہ شخص کی بحالی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
BLS کی اہمیت صرف ہسپتالوں تک محدود نہیں ہے۔ اسکولوں، کالجوں، دفاتر اور عوامی مقامات پر بھی اس کی تربیت عام ہونی چاہیے، تاکہ ضرورت پڑنے پر لوگ بروقت مدد فراہم کر سکیں۔ ڈاکٹرز، نرسوں اور دیگر طبی کارکنوں کے ساتھ عام شہریوں کے لیے بھی CPR اور ابتدائی طبی امداد کی بنیادی معلومات مفید ہیں۔
زندگی کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ایمرجنسی حالات میں بروقت اور درست قدم اٹھانا کسی انسان کی جان بچانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اس لیے ہمیں بنیادی طبی امداد کی تربیت حاصل کرنی چاہیے، مشکل وقت میں گھبرانے کے بجائے سمجھ داری سے کام لینا چاہیے اور دوسروں کو بھی اس کی اہمیت سے آگاہ کرنا چاہیے۔ بعض اوقات چند لمحوں کی کوشش کسی انسان کو زندگی کا ایک اور موقع دے سکتی ہے۔ یہی اس کا بنیادی پیغام ہے: ایک لمحہ، ایک کوشش، ایک زندگی۔