یس کے یس یس یف SKSSF کی نئی ریاستی كمیٹی کا اعلان مولانا رفیق ہدوی کولاری صدر نامزد
منگلور: ۱/اگست: (سمستا ریلیز) فارغین جامعہ دارالھدی اسلامیہ، کیرالا کی تنظیم نیشنل ہادیہ نے مفتی رفیق احمد کولاری ہدوی مد ظلہ العالی کو صوبہ کرناٹک کے SKSSF "سمستا کیندریا سنی اسٹوڈنٹس فیڈریشن" کے صدرمنتخب ہونے پر دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی۔
یس کے یس یس یف SKSSF یعنی ”سمستا کیندریا سنی سٹوڈنٹس فیڈریشن"سنی طلبہ کی ایک فعال و متحرک غیر سیاسی و غیر سرکاری تنظیم ہے۔ یہ تنظیم ”سمستاکیرالا جمیعت علماء“ کی ایک ذیلی تنظیم ہے جس کی تشکیل کیرالا کے معروف و مشہور علماء و صلحاء نے اس وقت کی تھی جب کچھ شرپسند عناصرطالبان علوم نبویہ کا رخ آپسی انتشار، باہمی خلفشار، فکری پراگندگی اور دین و مسلک سے بیزاری کی طرف پھیرنے کی ناکام کوشش کر رہے تھے، عین اسی وقت اللہ تعالیٰ کے چند برگزیدہ بندوں نے اس فکری دھارے کو گمراہیت و لادینیت سے بچا کر علم و ہنر کی ڈگر پر لگا دیا۔ جن میں صوفی با صفا حضرت علامہ عید روس مسلیار، عارف باللہ، پیرطریقت، رہبرشریعت حضرت علامہ قطبی محمد مسلیار، فقیہ النفس، غواص بحر معرفت حضرت علامہ کے کے ابوبکر حضرت اور مفسر قرآن حضرت علامہ کے وی محمد مسلیار نور اللہ مراقدھم قابل ذکر ہیں۔ 19 فروری 1989 کو باقاعدہ مذکورہ بالا شخصیات کے زیر سایہ یہ تحریک قائم ہوئی۔
اس تحریک کا عظیم پسماندہ طبقات کو تشدد اور غیر اخلاقی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے اوران کے جذبات کو مثبت راہیں فراہم کرنا ہے۔ الحمدللہ! آج یہ تنظیم ملک گیر سطح پر دین و ملت کی فلاح و ترقی اور اس ملک کے عروج کے لیے کام کر رہی ہے۔ چنانچہ یہ تحریک اب ایک عالمی سطح کی تحریک کے طور پر جانی جارہی ہے جس کے اراکین و محبین بیرون ملک وخلیجی ممالک میں بھی موجود ہے۔
اس تنظیم میں ڈھیر سارے ذیلی شعبہ جات بھی ہیں جن میں مندرجہ ذیل قابل ذکر ہیں:
سیلاب زدگان اور ناگہانی حادثوں کے وقت میں بلا تفریق مذہب و ملت مدد کو آنے والے سماجی خدمت گاروں کا شعبہ ”وقایہ رضا کاران“۔ عقیدہ اسلامی و معمولات اہل سنت کو قرآن و حدیث سے ثابت کرنے اور صحیح طور سے پیش کرنے والا شعبہ”استقامہ“۔ کاروان کی صورت میں جگہ جگہ جا کر عبادت و توحید کا پیغام پہنچانے والا شعبہ ”عباد“۔ ملک گیر سطح پر یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولوں میں پڑھنے والے طلبہ میں تزکیہ نفس اور انقلابی تربیت پیدا کرنے والا شعبہ ”کیمپس ونگ“۔ غریب و نادار مریضوں کی مدد و نصرت کے لیے شعبہ ”سہا چاری“۔ مدارس دینیہ و جامعات اسلامیہ میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے ''طلبہ ونگ''۔ طلبہ کو تشددانہ رویوں سے ہٹا کر تعلیمی، ملی اور قومی مقاصد و مصالح کی طرف راغب کروانے والابالخصوص سرکاری شعبوں میں مسلم قوم کی نمائندگی کرنے کے لیے طلبہ کو مواقع فراہم کرنے والا شعبہ ”ٹرینڈ“۔ سوشل میڈیا پر اسلام اور تعلیمات اسلام کے خلاف اٹھنے والے سوالات کا دندان شکن جواب دینے کے لیے سائبر وِنگ نامی شعبہ ۔
گذشتہ سال سمستا کیندریا سنی سٹوڈنٹس فیڈریشن نیشنل کمیٹی کی تشکیل نو بھی کی گئی تاکہ قومی سطح پر اہلسنت کے طلبہ کے لیے ایک فعال اور متحرک تنظیم ہو اور اس پلیٹ فارم سے طلبہ اپنے حقوق کی پاسداری کریں اور صحت مند تعلیمی ماحول کو فروغ دے سکیں۔ایک اگست کو مذہبی و تحریکی رہمنا جناب سید حمید علی شہاب تنگل نے اس تنظیم کی ریاست کرناٹک شاخ کی نئی کمیٹی کا اعلان کیا۔ صدر کے طور پر ہردلعزیز شخصیت جناب شیر کولار شمشیر کرار محب جبار علامہ مولانا مفتی رفیق احمد کولاری ہدوی نظامی قادری کا انتخاب کیا گیا۔ جبکہ قاسم دارمی صاحب ورکنگ صدر، انیس کوثری صاحب جنرل سیکریٹری، سید امیر صاحب خزانچی اور تملیک دارمی صاحب بطور ورکنگ سیکریٹری منتخب کیے گئے۔
کرناٹک ”ایس کے ایس ایس ایف“ کی نئی کمیٹی کا اعلان ہوتے ہی ریاست کیرالا و کرناٹک نیز مہاراشٹر کی دیگر دینی و فلاحی تنظیموں نے بھی ایس کے ایس کے ایس ایف مرکزی کمیٹی کے اس فیصے کو سراہا اور اظہار خیال کیا کہ ریاست کرناٹک کے اس پر ہول ماحول میں ایس کے ایس ایف کے صوبائی صدر کے اس عہدے کے لیے یقینا مفتی صاحب دامت برکاتہ سے موزوں شخصیت کوئی نہیں۔ حضرت نے سمستا اور مسلمانان کرناٹک بالخصوص مسلمانان دکن کے لیے جو قربانی دی ہے اس کی مثال نہیں۔
حضرت ریاست کرناٹک کے اہل سنت وجماعت کے ایک عظیم عالم دین اور قائد القوم ہیں، آپ کا تعلق شہر زردار، شہر کولار سے ہیں۔ شہر کولار اور شہر منگلور میں قوم مسلم اور اہل سنت کے لیے کی گئی، کی جارہی آپ کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ آپ آج بھی دکن وشمالی ہندوستان کے مسلمانوں کے لیے اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔ آپ نوجوان علما کے لیے ایک رہنما ہی نہین بلکہ ایک نمونہ حیات بھی ہے۔صوبہ کے دیگر طبقوں کے لیے بھی آپ پیش رفت کرتے رہتے ہیں جس کی ایک مثال گذشتہ سالوں میں منعقد کیے گئے بین المذاہب پروگرامس ہے۔ آپ جیسی شخصیت کے صدر بنائے جانے سے امت مسلمہ کے ساتھ ساتھ ریاست کے سبھی طبقہ کو بڑافائدہ پہونچے گا۔
رب قدیر سے دعا ہے کی اللہ تعالی ان سب خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمائے اور آپ کے زیر قیادت اس تنظیم کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔نیز ہمیں اس تنظیم سے جڑ کر ملت اسلامیہ کی نشاۃ ثانیہ میں اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق رفیق عنایت فرمائے۔ آمین بجاہ سیدالمرسلین صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم۔