مسلمان کبھی بھی اپنے پیارے نبیﷺ کی گستاخی و توہین برداشت نہیں کر سکتا
گستاخ نرسنگھ آنند کو گرفتار کر کے کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے، یہ شخص ملک کا اور امن کا دشمن ہے
گستاخ نرسنگھانند پر فوری کارروائی اور تحفظِ ناموس رسالت کی خاطر سنی تنظیموں نے مظاہرہ کیا اور گرفتاری دی
پورا علاقہ لبیک یا رسول اللہ کے نعرے سے گونج اٹھا
مالیگاؤں : مملکت کا نظام قانون سے چلتا ہے۔ ہر چیز کیلئے قانون موجود ہے۔ پھر حیرت انگیز بات یہ ہے کہ نرسنگھانند نامی شخص دھڑلے سے پیغمبر اسلام ﷺ اور اسلام کی بے ادبی کرتا پھر رہا ہے، اس پر ملک بھر میں کتنی ہی ایف آئی آر درج کروائی جا چکی ہیں، لیکن اب تک وہ آزاد ہے، جب کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ ایسا شخص جو ملک کے امن کا دُشمن ہے؛ اسے فوراً گرفتار کرکے جیل بھیجا جاتا۔ سخت ترین قانونی کارروائی اور سزادلوانے کی کوشش کی جاتی۔ بڑے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ حکومت ایسے نازک معاملے میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔اِس طرح کا اظہار سنی تنظیموں کے نمائندگان نے ۱۲؍اپریل ۲۰۲۱ء پیر کی شام میں نئے بس اسٹینڈ کے پاس احتجاجی مظاہرہ میں کیا۔ یہاں غلام مصطفیٰ رضوی نے کہا کہ: آپ غور کریں کہ آپ کے والد یا والدہ کو کوئی گالی دیدے تو کیا آپ خاموش رہو گے؟ بالکل نہیں! تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مسلمان اپنی جان و مال اور ہر قیمتی شے سے بڑھ کر محبت کرتا ہے؛ پھر کیوں کر ایک مسلمان اپنے رسولﷺ کی توہین و گستاخی برداشت کرے گا؟الحاج یوسف الیاس نے کہا کہ مسلمان کبھی بھی اپنے پیارے نبیﷺ کی گستاخی برداشت نہیں کر سکتا۔ نرسنگھانند کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے۔ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے اور قانون کی بالادستی کیلئے اسے کورٹ کے ذریعے پھانسی کی سزا دی جائے ۔بریلی شریف میں جماعت رضائے مصطفیٰ کی طرف سے جانشین حضور تاج الشریعہ علامہ مفتی محمد عسجد رضا خان قادری قبلہ نے زبردست احتجاجی اقدام کیا، اس کی تائید میں ملک بھر میں گستاخِ رسول کے خلاف سنی مسلمان؛ گستاخ کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
کوڈ۔۱۹؍کی حکومتی گائیڈ لائن کا خیال رکھتے ہوئے سنی ذمے داران کے ساتھ یہاں مسلمانوں کے جذبات کی نمائندگی کی گئی اور کہا گیا کہ اگر عام حالات ہوتے تو یہاں مجمع کثیر ہوتا۔بعدہٗ سنی تنظیموں کی طرف سے سٹی پولیس اسٹیشن میں ایڈیشنل ایس پی صاحب اورڈی وائے ایس پی میڈم صاحبہ کو مطالباتی مکتوب دیا گیا، اس میں درج ہے کہ نرسنگھانندنے پریس کلب دہلی میں اسلام و پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں گستاخانہ باتیں کہیں۔ جس کے خلاف پورے بھارت کے مسلمان غم و غصے میں مبتلا ہیں۔ کئی مقامات پر ایف آئی آر درج کروائی گئی۔ افسوس کی بات ہے کہ اب تک اس پر کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مذکورہ گستاخ نرسنگھانند کو گرفتار کر کے کورٹ میں باقاعدہ مقدمہ چلایا جائے۔ یہ شخص ملک کا بھی دُشمن ہے جو یہاں کے امن و سکون کو غارت کررہا ہے۔ فوری گرفتاری کے ذریعے ہی ایسی منافرت کا سدِ باب کیا جا سکتا ہے۔مذکورہ افسران نے مثبت اقدام کا تیقن دیا۔ اسی کے ساتھ ۳؍اپریل کو پائیدھونی ممبئی میں تحفظ ناموس رسالت فاؤنڈیشن و رضا اکیڈمی ممبئی نے جو ایف آئی آر درج کروائی اس کی کاپی بھی منسلک کی گئی۔ جس میں 295(A), 153(A), 505(2)کے تحت اندراج ہے۔ اسی کے تحت فوری کارروائی کی مانگ نوری مشن کی تحریک پر مالیگاؤں کی ان تنظیموں نے کی،جن کے نام میمورنڈم پر مندرج ہیں: سنی جمعیۃ العلماء( حاجی یوسف الیاس)، نوری مشن( غلام مصطفیٰ رضوی)، رضا اکیڈمی( ڈاکٹر رئیس احمد رضوی)،سنی کونسل(محمد عمران رضوی)، غلامان عسجد رضا فاؤنڈیشن، غریب نواز اکیڈمی ( رئیس احمد رضوی)، سنی وارئیر( شیخ شاداب رضوی)، دارالعلوم سیدنا امیر حمزہ، ادارۂ اصحابِ صفہ ( مفتی نورالحسن مصباحی)، دارالعلوم عظمت مصطفیٰ( مفتی عارف اشرفی )، ادارۂ فیضان اشرف، انجمن بہار اشرفی ،ادارۂ سید اظہار اشرف(عبدالکریم بوستانی )، مدرسہ غریب نواز(عقیل احمد منصوری)، ادارۂ مخدوم العلماء ( حسنین اشرفی)، اعلیٰ حضرت فاؤنڈیشن(مدثر رضوی) ،علاوہ ازیں مفتی محمد عرفان مصباحی، عمران تابانی، حافظ نوید، حافظ توصیف، حافظ جاوید، حافظ آصف،عتیق الرحمن رضوی، ڈاکٹر محمد ارشد، شہزاد عامر سمیت سرکردہ شخصیات موجود تھیں۔اس مظاہرہ کے انعقاد میں فرید رضوی، معین پٹھان،محمد عمران رضوی، غلام مصطفیٰ رضوی، یاسین رضا، سعد رضوی، اظہر رضا، شیخ آصف رضوی وغیرہ شامل تھے۔ ایسی پریس ریلیز نوری مشن مالیگاؤں نے جاری کی۔
*
12 اپریل 2021ء