ہندوستان کی مایہ ناز اسلامک یونیورسٹی میں جشن دستار فضلیت

  ہدایہ نگر(ملاپرم): سرزمین ہندوستان کے جنوبی ریاست کیرالا میں واقع، دینی وعصری علوم کا گہوارہ، قوم مسلم کا عظیم الشان ادارہ جامعہ دارالہدی اسلامیہ ٣٥/سالوں سے تشنگان علوم نبویہ کو سیراب کررہا ہے اور بلندی کے نئے منازل طے کررہا ہے- اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی جامعہ کے سیکڑوں فارغین کے لیے ’جلسہ دستاربندی‘ بتاریخ ۹/١٠ مارچ بروز بدھ و جمعرات کو جامعہ ہذا کے وسیع صحن میں منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں بیرون کیرالا کے ٢٩/فارغین اور اندرون کیرالا کے ٣٨۷/فارغین طلبا کو مقتدر علماء و مشائخ کی موجودگی میں دستار فضیلت سے نوازا جائے گا۔  

واضح رہے کہ دو دنوں پر مشتمل یہ پروگرام کووڈ/19 مہاماری کی گائیڈلائنس اور ماسک کی پابندی کا اہتمام کرتے ہوئے منعقد کیا جارہا ہے۔ نیز ناظرین کے لیے پروگرام کو جامعہ کے مختلف پلیٹ فارمز جیسے یوٹیوب وغیرہ پر بھی لائیو نشر کیاجائیگا۔

 بروز منگل بتاریخ ۹/مارچ پہلے دن کا پروگرام تین نشستوں پر مشتمل ہوگا۔ پہلی نشست میں صبح ١٠/بجے جامعہ ہذا کے وسیع و عریض آڈیٹوریم میں جامعہ سے فراغت حاصل کرنے والے قومی فارغین کے لیے ایک پروگرام بنام ''قومی اجلاس برائے ابنائے دارالہدی'' کا انعقاد ہوگا، جس میں استاد الاساتذہ جناب مستقیم احمد فیضی دامت برکاتہ العالیہ کلیدی خطاب فرماینگے۔ قائد قوم و ملت یو.شافع حاجی اور مفکر اسلام شیخ الجامعہ حضرت مولانا بہاؤالدین محمد ندوی مد ظلہ النورانی خصوصی خطاب فرمائینگے-

دوسری نشست صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوگی جس میں عالم نبیل جناب ہاشم ندوی صاحب کا تمہیدی خطاب ہوگا پھر کلیدی خطاب کے لیے مفکر قوم جناب شرف الدین ہدوی، آنمنگاڈ صاحب کا بیان ہوگا۔ پھر شام میں ساڑھے چار بجے سے جشن دستار فضیلت کاآغاز زیارت قبور مشائخ بالخصوص زیارت مزار مبارک ممبرمی سرکار قطب الزمان سید علوی مولی الدویلہ الیمنی الحضرمی قدس اللہ سرہ العزیز سے کیا جائے گا بعدہ پرچم کشائی کی رسم جامعہ ہذا کے خزانچی جنابِ سید علوی صاحب انجام دینگے۔ تیسری نشست بعد نماز مغرب منعقد ہوگی جس میں آل رسول سید منور علی شہاب دام ظلہ افتتاحی کلمات پیش فرمائینگے اور فاضل جلیل علامہ عبد الرفیق ہدوی وی ٹی صاحب صدارتی کلمات ادا فرمائینگے۔ اور انکے بعد نباض قوم و ملت، تحفظ ناموسِ رسالت کے علمبردار، پیر طریقت، شہزادہ کچھوچھہ شریف معین المشائخ حضرت مولانا سید معین اشرف (معین میاں) مد ظلہ العالی بھی براہ راست (آنلائن) اپنے اقوال زرین سے ہماری سماعتوں کو محظوظ کرینگے۔ نیز شہر کولار کی شان، مایہ ناز خطیب اور عالم بے نظیر جناب مفتی رفیق احمد کولاری ہدوی دامت برکاتہ کلیدی خطاب فرمائینگے۔ مہمانان خصوصی کے طور پر شیر مہاراشٹر حضرت علامہ مولانا مفتی علاؤالدین صاحب قبلہ بھی اپنے خاص انداز میں امت مسلمہ کے تئیں اپنے خیالات اور تاثرات کا اظہار کرینگے اور نوجوان فضلا کو پندونصائح فرمائینگے۔ نیز انڈین یونین مسلم لیگ کے عظیم سیاسی رہنما اورہندوستانی مسلمانوں کی آواز ای ٹی محمد بشیر صاحب بھی نوجوان فارغین سے گفتگو فرمائینگے ۔

دوسرے دن بروز بدھ مختلف پروگراموں کے بعد ختم القرآن اور دعا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بعد نماز عصر جشن دستار فضیلت کے اہم پروگرام کا آغاز جامعہ کے سابق سربراہ اور مفتی اعظم کیرالا علامہ مولانا مفتی شیخنا زین الدین نور اللہ مرقدہ اور بانی جامعہ ہٰذا ہمدرد قوم و ملت ڈاکٹر یو. باپوٹی حاجی نور اللہ مرقدہ کی قبروں کی زیارت، فاتحہ خوانی اور دعا سے ہوگا۔ اس سیشن کا افتتاح مسلمانان کیرالا کی آواز، آل رسول جناب سید حیدر علی شہاب تنگل کرینگے جبکہ اس نشست کی صدارت اہل سنت و جماعت کی روح رواں تنظیم ''سمستا کیرالا جمعیۃ العلماء'' کے صدر حضور سید العلماء سید جفری متو کویا تنگل فرمائینگے۔ دستار کی تقسیم آل رسول جناب حیدر علی شہاب تنگل کے دست اقدس سے ہوگی جس میں سیکڑوں فارغین کو عالمیت و فضیلت کی ڈگری سے نوازا جائے گا جن میں بیرون کیرالا سے ۲۹/فارغین بھی شامل ہیں جو ہند و بیرون ہند کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں جیسے نیپال، مہاراشٹر، کرناٹک، بہار، اتر پردیش، مغربی بنگال، آندھرا پردیش اور اترا کھنڈ وغیرہ۔ بعدہ سمستا کیرالا جمعیت العلماء کے جنرل سیکریٹری مولانا عالی کٹّی مسلیار خصوصی خطاب فرمائینگے ساتھ ہی شیخ الجامعہ مفکر اسلام علامہ مولانا بہاؤالدین محمد ندوی دام ظلہ علینا بھی نوجوان فارغین فضلاء کو دستار کا پیغام سنائینگے۔ تقسیم دستار واسناد کے بعد طلبہ سے اس بات کا عہدو پیمان لیا جائیگا کہ وہ ہمیشہ دین متین کی نشر واشاعت میں کوشاں رہیں اور عقیدہ اہل سنت وجماعت پر مضبوطی کے ساتھ قائم ودائم رہیں۔ اسٹیج پر سادات کرام، علماء عظام اور مشائخ و اکابر بھی براجمان ہونگے۔ مہمانان خصوصی کے طور پر پی وی عبدالوہاب ایم پی، پی کے عبد الرب ایم ایل اے و دیگر قائدین و عمائدین شہر بھی جلوہ فرما ہونگے-

پھر رات میں شب معراج کی مناسبت سے ذکر، دعا مجلس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ذکر دعا مجلس کا افتتاح آل رسول سید عباس علی شہاب تنگل فرمائینگے اور جامعہ کے شیخ الحدیث مولانا اسحٰق باقوی استاد صدارت فرمائینگے۔ شب معراج کا پیغام اور کلیدی خطاب پیش کرنے کے لیے کیرالا کے مایہ ناز اسلامی اسکالر اور خطیب بے مثال جناب عبد الصمد پوکوٹور صاحب تشریف لائینگے۔ مجلس کا اختتام میں جامعہ دارالھدی کے نائب صدر مولانا سید محمد کویا جمل اللیلی دامت برکاتہ العالی کی رقت آمیز دعا سے ہوگا۔

Related Posts

Leave A Comment

Voting Poll

Get Newsletter