اِرتداد کےاسباب،مجرمین اورتدارک!

آج دنیا میں اسلامی معاشرے کے اندر دین بیزاری اور اِرتداد کے رجحانات میں اضافہ ایک ایسی کڑوی سچائی ہے جس نے سنجیدہ فکر مسلم حلقوں کو تشویش میں مبتلا کررکھا ہے۔ کسی بھی معاشرے میں اِس نوعیت کا فکری اِنحراف محض جذباتی ردعمل نہیں ہوتا؛ بلکہ اُس کے پس منظر میں گہرے فکری، نفسیاتی اور سماجی عوامل کارفرما ہوتے ہیں۔ اس صورتِ حال کا ذمہ دار کسی ایک فرد یا ادارے کو ٹھہرانے کے بجائے اُس کے اسباب کا احاطہ کرنا زیادہ مناسب ہے، مثلاً:

۱۔ فکری یلغار اور علمی کمی: موجودہ زمانے میں سوشل میڈیا اور گلوبلائزیشن کے باعث معلومات کی تو فراوانی ہے، لیکن فکری پختگی کی شدید کمی ہے۔ نوجوان نسل جب مغربی فلسفے، مادّیت پسندی اور ملحدانہ نظریات سے دوچار ہوتی ہے، تو روایتی اور اَندھی تقلید پر مبنی استدلال اُنھیں مطمئن کرنے میں ناکام رہتا ہے۔نوجوانوں کی تشنگی باقی رہتی ہے اور مذہبی حلقوں میں جب سوال پوچھنے کو گناہ یا بے ادبی تصور کیا جاتا ہے، تو نوجوان اپنا تشفی بخش جواب تلاش کرنے کے لیے فکری راہ داریوں میں بھٹکنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

۲۔ دینی قیادت کا طرزِ عمل اور عملی تضاد: اِسلامی معاشروں میں دین کے نام پر جو کچھ ہورہا ہے، اُس کا عملی مظہر بھی نوجوانوں کے انحراف کا ایک بڑا سبب ہے۔مثال کے طورپر مذہب کے علمبرداروں کے قول و فعل کا تضاد، اقدار کی پامالی اور دنیوی مقاصد کے لیے دینی پلیٹ فارمز کا استعمال نوجوان نسل کے دلوں میں مذہب کی کشش کو مدھم اور بےوقار کررہا ہے۔ علاوہ ازیں فکری الجھنوں کو دلائل سے حل کرنے کے بجائے فتوے بازی اور تکفیر کا سہارا لینابھی نوجوان نسل کو مزید دین سے دور ڈھکیل رہا ہے۔

۳۔ مغربی فکری تسلط اور نفسیاتی احساسِ کمتری: مادّی ترقی اور سائنسی عروج کی وجہ سے مغربی تہذیب آج دنیا بھر میں اپنا ایک خاص اثر و رسوخ رکھتی ہے۔ آج مادّی تعمیر و ترقی کو ہی کل کائنات سمجھ لیا گیا ہے، جس کے سبب کئی لوگ یہ نتیجہ اخذ کرنے لگتے ہیں کہ شاید مذہبی تعلیمات دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں۔ نیز احساس کمتری اور کمزور فکر کے حامل افراد مغربی افکار کی اندھی تقلید کو روشن خیالی اور اپنی تہذیبی روایات کو قدامت پسندی سمجھنے لگتے ہیں۔

اب سوال یہ ہے کہ اِن حالات کے اصل قصوروار کون لوگ ہیں؟ تو اِس بحران کا کوئی ایک مجرم نہیں؛ بلکہ اس کے ذمے دار کئی طبقات ہیں، جن میں بالخصوص قابل ذکر یہ ہیں، مثلاً:

مذہبی قائدین: مذہبی قیادت وامارت؛ وقت کے تقاضوں کے مطابق جدید فکری بیانیہ تشکیل دینے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ اس کے برعکس اِن قائدین نے محض اپنی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا ہی دین کی خدمت گمان کرلیا ہے اور بس۔

نظام تعلیم ومعاشرت: تعلیمی سطح پربھی اَرباب دانش روایتی اور جدید علوم کے درمیان پل بنانے میں ناکام ہیں۔ آج جس تنقیدی فکر کی تربیت کی سخت ضرورت ہے اُس میں صفر ہیں۔ ریاستی اور معاشرتی سطح پربھی عدل کی عدم دستیابی اور ظلم وجبر کے ماحول نے نوجوانوں کو متنفر کررکھا ہے۔ اِس سطح پربھی کچھ خاص پہل اور جذبہ دیکھنے کو نہیں ملتا۔ ایک تو اِرتداد کے خاتمے پر کوئی خاص توجہ نہیں دیتا۔ دوسرا اگرکوئی کچھ کرتا بھی ہے تو ’ شیخ اپنا اپنا دیکھ‘ کا مکرجال معاشرے کو باہمی تعاون سے روک دیتا ہے، یاپھر کسی وقتی/ جذباتی عمل کو ہی کافی سمجھ لیا جاتا ہے۔

چناں چہ ارتداد کے اِس سیلاب کو روکنے کا واحد راستہ وقتی/ جذباتی نعرہ بازی نہیں؛ بلکہ عقل ودانش کی بنیاد پر مضبوط فکری دفاع، اُٹھ رہے سوالات کا کھلے دل سے استقبال اور عملی زندگی میں اسلامی اخلاقیات کا بہرحال نفاذ ہے۔ لیکن اِس سلسلے میں ہمارے قائدین، ہمارا تعلیمی نظام اور ہمارا سماج دور دور تک کہیں نظر نہیں آتا ہے۔ اِن فروگزاشتوں کو دور کیے بغیر اِرتداد کا خاتمہ ناممکن ہے۔

موجودہ زمانے میں گھریلو اور معاشرتی احوال کا جائزہ لینے پر دو-دو چار کی طرح یہ بھی واضح ہوتا ہےکہ آج تعلیمی اورمعاشرتی ترقیات کا مقصد، اَخلاق و سیرت اور حسن معاشرت کی تعمیر وتشکیل ہو یا نہ ہو لیکن معاشی استحکام بالخصوص پیش نظر رہتا ہے۔

بلاشبہ معاشی استحکام انسانی زندگی کا لازمہ ہےجس سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا۔ لیکن محض معاشی استحکام کو پیش نظر رکھنا اور اُس سے متعلق مثبت و منفی نتیجے کو نظرانداز کردینا کسی بھی لحاظ سے درست نہیں کہا جاسکتا۔ اِسی یکطرفہ فکر و عمل نے دینی ودنیوی تعلیم کو باہم مربوط رکھنے کی بجائے دونوں کو ایک دوسرے کا ضد قرار دے رکھا ہے۔ حالاں کہ دینی اور دنیوی تعلیم ایک دوسرے کےلیے لازم وملزوم ہیں۔ دینی تعلیم روح ہے تو دنیوی تعلیم جسم۔ جس طرح روح کے بغیر جسم کا تصور محال ہے اُسی طرح جسم کے بغیر روح کا تصور محال ہے۔ بعینہ اخلاق وسیرت اور معاشی استحکام کے درمیان ایک دیوار کھڑی کردی گئی ہے۔ حالاں کہ یہ دونوں بھی ایک دوسرے کےلیے لازم وملزوم ہیں، ضد نہیں۔ بلکہ اخلاق وسیرت روح ہے تو معاشی استحکام جسم۔اِن دونوں کے درمیان ایک خوشگوار ربط (Connection) پیداکرنے کی اشد ضرورت ہے۔

لیکن آج کا ہمارا معاشرہ جس ڈگر پر چل رہا ہے اُس سے یہ واضح اشارہ ملتا ہےکہ اُسے نہ دینیات کی فکرہے اور نہ اخلاقیات کی۔ اُسے صرف اور صرف معاشی استحکام سے سروکار ہے، جس کےلیے وہ مذہب واخلاقیات کی ساری حدیں پارکرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔

 آئے دن کا تجربہ بتا رہا ہےکہ تمام تر خدشات کے باوجود آج معاشرے کے بیشتر افراد اپنی اولاد کے لیے مذہبیات کو اچھوت سمجھتے ہیں اور معاشیات کو اُن کی زندگی کااٹوٹ حصہ۔ اُن کی نظرمیں معاشی استحکام ہی اُن کی کل کائنات ہے اورمذہب واخلاق اُن کےلیے کچھ معنی نہیں رکھتے۔ والدین قصداً اپنی اولاد کومذہبی تعلیم وماحول سے دور رکھتے ہیں اور آزاد خیال اداروں میں تعلیم دلاتے ہوئے یہ بالکل نہیں سوچتےکہ جس ادارے کا نصاب باضابطہ طور پر مذہب واخلاق مخالفت پرمشتمل ہےاور جس کا سارانظام بےدینی کا رازدار ہے وہ مذہب واخلاق کا پیامبر کیسے ہوسکتا ہے!

پھرمعاشی استحکام کے فریب میں والدین اپنی اولاد کی شادی تک نہیں کرپاتے، حالاں کہ  اُن پر نکاح لازم ہوتا ہے۔ بعض والدین تعلیم کے نام پر اپنی اولاد کو موبائل دے کر یکسر بے پرواہ ہوجاتے ہیں۔ مگر وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ موبائل دے کر اُنھوں نے اپنے گھر کی اُونچی سے اُونچی دیواروں کو بھی بےمعنی کر رکھاہے۔ موبائل کے راستے آئے دن، بلکہ ہر لمحہ کوئی نہ کوئی اجنبی اُن کے گھروں میں موجود رہتا ہےاوراُن کی نسلیں سخت حصار میں رہتے ہوئے بھی بےحصار ہوتی ہیں۔ بعض والدین اپنی اولاد کی بروقت شادی تو کردیتے ہیں مگر معاشی استحکام کے نام پر۲۴؍ میں سے تقریباً۱۴-۱۴؍ گھنٹے گھر سے باہر اُنھیں اجنبیوں کے بیچ گزارنا پڑتا ہے اوربادل نخواستہ ہی سہی اُنھیں کچھ ایسے فرائض انجام دینے پڑتے ہیں جس کی اجازت انسانی ضمیر ہرگز نہیں دےسکتا۔ نتیجتاً اُن کا ضمیر و روح مرتی چلی جاتی ہے اور باقی رہ جاتا ہے نفس، جس پر نہ مذہب کا اثر ہوتاہے اور نہ اخلاق کا۔آج مخلوط تعلیم بھی کوئی عیب داربات نہیں، جب کہ مخلوط تعلیم، بےدینی اور اِرتداد کا ناقابل یقین حد تک محرک و موجب ہے۔

اجتماعی اورملکی سطح پر معاشرے میں کچھ ایسی تنظیمیں بھی دیکھنے میں نہیں آتیں جو نئی نسل کےلیے دینی واخلاقی تربیت کانظم کرسکیں اور انھیں بے دینی و ارتداد سے محفوظ رکھ سکیں۔ چناں چہ معاشرتی سطح پر اِس رجحان  سےنجات کے لیے ایک صحت منداور مربوط حسن معاشرت کی ضرورت ہے، جہاں ہرطرح کے فکری شکوک و شبہات کا ازالہ ہوسکے، مثلاً:

۱۔نوجوان نسل کو اکثر جدید فکری، سائنسی یا فلسفیانہ سوالات اور اِعتراضات کا سامنا ہوتا ہے۔ لہٰذ ا معاشرے میں ایسے ماہرین، محققین اور ادارے لازم ہیں جو غصے یا سختی کے بجائے علم وحکمت سے اُن کے سوالات سنیں اوراور دلیل وبرہان کے ساتھ تسلی بخش جواب دیں۔

۲۔ والدین اور بچوں کے درمیان باہم گفتگو کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے۔ بچوں کو یہ آزادی ملنی چاہیے کہ وہ کھل کر اپنی اُلجھنیں بیان کرسکیں۔ پھرمحبت واخلاق اور رواداری کے ساتھ انھیں دین سےمتعارف کرایا جائے، نہ کہ ڈرا -دھمکاکر اور سختی سے۔

۳۔ مسلم معاشرے میں عملی کردار پر خاص توجہ نہایت اہم ہے۔ نئی نسلیں جب عملی زندگی میں مذہب واخلاق، دیانت داری، عدل، رواداری اور اخلاص دیکھیں گی، تو دین کے ساتھ اُن کا جذباتی اور فکری لگاؤ مضبوط ہوگا۔ معاشرتی رشتے قائم ہوں گے اور اُن کے اندر صالح افراد سےمربوط رہنے کاجذبہ پیدا ہوگا اور یوں کافی حدتک بے دینی و بے راہ روی زوال پذیر ہوگی۔

۴۔مساجد اور دینی مراکز کو صرف عبادت تک محدود نہ رکھا جائےبلکہ وہاں فلاحی، تربیتی اور تعلیمی نشستیں رکھی جائیں جہاں نئی نسلوں کی تربیت کے ساتھ اُنھیں رضاکارانہ موقع دیا جائے۔ نیزمساجد یا کمیونٹی سینٹرز میں نوجوانوں کی فکری اور نفسیاتی رہنمائی کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔

۵۔ چوں کہ ارتداد کی ایک بڑی وجہ سوشل میڈیا پر موجود منفی مواد بھی ہے، اِس لیے باصلاحیت علما اور دانشوران ڈیجیٹل پلیٹ فارمزسے جڑیں اور جدید ٹیکنیکل انداز میں نوجوانوں کی دینی و فکری رہنمائی کریں۔

حاصل کلام یہ کہ سختی یازور- زبردستی اور طعن و تشنیع کے بجائے محبت والفت، علم وعمل، دلیل وبرہان، حسن اخلاق اور نیک نیتی پر مبنی معاشرتی رویے سے ہی اِس چیلنج کا بہترین اور پائیدار تدارک ہوسکتا ہے۔

Related Posts

Leave A Comment

Voting Poll

Get Newsletter