خواتین کیلئے نمازِ تراویح کے احکام
یاد رکھیں کہ بالغہ عورت کیلئے بھی نمازِ تراویح سنتِ مؤکدہ ہے اور اس کی ادائیگی عورت پر لازم ہے لہذا گھر کے کام کاج کو بنیاد بناکر ...یا... سستی کی وجہ سے اس کو چھوڑنا بالکل بھی درست نہیں. اس نماز کے کچھ ضروری مسائل ہیں جن کو بغور پڑھا جاۓ تو ان شاء اللہ عزوجل فائدہ ہوگا.
تراویح کے ضروری احکام:
1- نمازِ تراویح کی 20 رکعات ہیں اور یہ پوری 20 رکعات عورت پر پڑھنا لازم ہے. لہذا اس سے کم رکعات پر اکتفاء کرنے کی شرعاً اجازت نہیں.
2- تراویح کی بیس رکعات دس سلام سے پڑھی جائیں گی یعنی ہر دو رکعت مکمل کرنے کے بعد سلام پھیرا جاۓ گا.
3- تراویح کی نیت بیس رکعات کی ایک ساتھ بھی کرسکتے ہیں. لیکن بہتر یہ ہے کہ ہر دو رکعت پر الگ الگ نیت کریں .
3- ہر دو رکعت پر تراویح کی نیت کے الفاظ یہ ہیں....
نیت کرتی ہوں میں دو رکعت نمازِ تراویح کی ،واسطے اللہ تعالی کے ،منہ میرا قبلے کی طرف ،اللہ اکبر.
20 رکعات نمازِ تراویح کی ایک ساتھ نیت ان الفاظ کے ساتھ کی جاۓ گی...
نیت کرتی ہوں میں بیس رکعات نمازِ تراویح کی ،واسطے اللہ تعالی ،منہ میرا قبلے کی طرف ،اللہ اکبر.
4- ہر چار رکعات مکمل کرنے کے بعد ترویحہ کیا جاۓ گا یعنی کچھ دیر بیٹھا جاۓ گا. اس دوران اوراد و وظائف ،درود وغیرہ پڑھ سکتی ہیں. بہت بہتر ہے کہ دعاۓ تراویح پڑھی جاۓ.
دعاۓ تراویح یہ ہے...
سُبْحَانَ ذِی الْمُلْکِ وَالْمَلَکُوْتِ سُبْحَانَ ذِی الْعِزَّۃِ وَالْعَظَمَۃِ وَالْکِبْرِیَآءِ وَالْجَبَرُوْتِ ۔ سُبْحَانَ الْمَلِکِ الْحَیِّ الَّذِیْ لَا یَنَامُ وَلَا یَمُوْتُ سُبُّوْحٌ قُدُّوْسٌ رَّبُّنَا وَرَّبُّ الْمَلٰئِکَۃِ وَالرُّوْحِ لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہ نَسْتَغْفِرُ اللہ نَسْئَلُکَ الْجَنَّۃَ وَنَعُوْذُ بِکَ مِنَ النَّارِ.اللّٰھُمَّ اَجِرْنِیْ مِنَ النَّار یَا مُجِیْرُ یَا مُجِیْرُ یَا مُجِیْرُ۔
( غنیہ ، ردالمحتار وغیرہما)
5- نمازِ تراویح کا وقت عشاء کے فرض ادا کرنے کے بعد سے شروع ہوتا ہے اور سحری کا وقت ختم ہونے تک رہتا ہے.
6- وتر نمازِ تراویح سے پہلے بھی پڑھ سکتے ہیں اور نمازِ تراویح کے بعد بھی.
7- نمازِ تراویح بغیر کسی شدید مجبوری کے بیٹھ کر نہیں پڑھ سکتے.
8- اگر تنہا نماز ادا کررہی ہیں تو جو سورتیں آپ کو یاد ہیں وہی ہر دو رکعت میں پڑھ سکتی ہیں. بہتر ہے کہ پہلی دس رکعات میں سورۂ فیل سے سورۂ ناس تک پڑھیں پھر گیارہ سے بیس رکعات میں دوبارہ سورۂ فیل سے سورۂ ناس تک پڑھیں.
9- رمضان المبارک کی تمام راتوں میں نمازِ تراویح کی ادائیگی لازم ہے.
10- نمازِ تراویح کی قضاء نہیں ہے لہذا اگر کسی رات نمازِ تراویح نہیں پڑھ سکیں اور سحری کا وقت بھی ختم ہوگیا تو اب اس کی قضاء نہیں.
از قلم: علامة فيضان رضا مدني
موبائل: 0312-2601639