ايس کے ايس ايس ایف (SKSSF) کا تعارفی خاکہ

سمستا کیندریا سنی سٹوڈنٹس فیڈریشن سنی طلبہ کی ایک فعال و متحرک غیر سیاسی و غیر سرکاری تنظیم ہے۔ یس کے یس یس یف درحقیقت سمستا کیرالا جمیعت العلماء کی ایک ذیلی تنظیم ہے جس کی تشکیل کیرالا کے معروف و مشہور علماء و صلحاء نے اس وقت کی تھی جب طالبان علوم نبویہ کا رخ کچھ شرپسند عناصر آپسی انتشار، باہمی خلفشار، فکری پراگندگی اور دین و مسلک سے بیزاری کی طرف پھیرنے کی ناکام کوشش کر رہے تھے، عین اسی وقت اللہ تعالیٰ کے چند برگزیدہ بندوں نے اس فکری دھارے کو گمراہیت و لادینیت سے بچا کر علم و ہنر کی ڈگر پر لگا دیا۔ جن میں صوفی با صفا حضرت علامہ عید روس مسلیار ، عارف باللہ، پیرطریقت، رہبرشریعت حضرت علامہ قطبی محمد مسلیار ،  فقیہ النفس، غواص بحر معرفت حضرت علامہ کے کے ابوبکر حضرت اور مفسر قرآن حضرت علامہ کے وی محمد مسلیار نور اللہ مراقدھم قابل ذکر ہیں۔ 19 فروری 1989 کو باقاعدہ مذکورہ بالا شخصیات کے زیر سایہ یہ تحریک قائم ہوئی۔

 یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ طلبہ ملک کے عروج و ارتقا میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ہیں۔ انہیں باتوں کے پیش نظر سمستا کے علمائے ربانیین نے اپنے طلبہ کو تشدد اور غیر اخلاقی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے اور ان کے جذبات کو مثبت راہیں فراہم کرنے کے لئے یس کے یس یس یف کی بنیاد رکھی؛ تاکہ طلباء اس دینی مسلکی تنظیم سے جڑ کر ملک و ملت کی فلاح و بہبودگی کے لئے ہمہ وقت سرگرم عمل اور کوشاں رہیں۔ الحمدللہ! آج یہ تنظیم ملک گیر سطح پر دین و ملت کی فلاح و ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس تحریک کو ریاستی سطح سے نکال کر ملکی سطح پر لانے ہی کے لئے نیشنل کمیٹی کی تشکیل بھی ہوئی؛ تاکہ قومی سطح پر اہلسنت کے طلبہ کے لئے ایک فعال اور متحرک تنظیم ہو اور اس پلیٹ فارم سے طلبہ اپنے حقوق کی پاسداری کریں اور صحت مند تعلیمی ماحول کو فروغ دے سکیں۔

اس تنظیم میں ڈھیر سارے ذیلی شعبہ جات بھی ہیں جن میں مندرجہ ذیل قابل ذکر ہیں :

(1) وقایہ رضاکاران Viqaya volunteers
(2) استقامہ 
(3) عباد Ibad
 (4) کیمپس ونگ campus wing
(5) طلبہ ونگ Twalaba wing
(6) سہاچاری Sahachari

وقایہ رضاکاران: SKSSF کا ایک اہم ذیلی شعبہ ہے وقایہ ونگ۔ یہ فعال و متحرک نوجوانوں کی ایک جماعت ہے جو ہمیشہ سماج کی خدمت میں مصروف رہتی ہے بالخصوص جب کیرالا اور پڑوسی ریاستوں میں سیلاب کا طوفان امنڈ پڑا تو اس وقت یہی جماعت اپنی جان ہتھیلی میں رکھ کر سر پر کفن باندھ کر ٹیم نے  امت کو سہارا دیا۔ انہی نوجوانوں کی شب و روز کی خدمتوں کی مرہون منت ہے کہ آج کئی ہزاروں کی زندگی کا چراغ روشن ہے ورنہ آج وہ زندگیاں ویران نظر آتیں اور ان کی قبروں پر دیے جلتے۔ اللہ ان نوجوانوں کو سلامت رکھے۔ آمین۔ 

ٹرینڈ: یہ خالص تعلیمی شعبہ ہے جو طلبہ کو تشددانہ رویوں سے ہٹا کر تعلیمی، ملی اور قومی مقاصد و مصالح کی جانب مبذول کراتا ہے۔ مسلم قوم میں شرح خواندگی میں غیر معمولی اضافہ اور تعلیمی معیار کو بلند کرنا اس شعبہ کا بنیادی نصب العین ہے۔ بالخصوص سرکاری شعبوں تک مسلم افراد کو پہنچانے کے لئے انہیں مقابلہ جاتی امتحانات (Competitive exam) کی تیاری کرائی جاتی ہے اور IPS ,IAS اورNeet وغیرہ کی بھی تیاریاں کرائی جاتی ہیں؛ تاکہ ہماری قوم تعلیم میں سر بلند و سرخرو رہے۔ الحمدللہ Trend کی انتھک محنتوں کا ثمرہ ہے کہ اب تک کئی مسلم  افراد سرکاری نوکری حاصل کر چکے ہیں اور دو IAS  بنانے کا سہرا اسی کے سر جاتا ہے۔

استقامہ: عقائد و معمولات اہل سنت و جماعت کو قرآن و حدیث، آثار صحابہ و تصریحات فقہاء و محدثین سے ثابت کرنے کے لیے لئے SKSSF نے اس شعبہ کو تشکیل دیا؛ تاکہ اس شعبہ کے ذریعہ ہماری نئی نسل کو گمراہیت اور گمراہ فرقوں سے محفوظ رکھا جائے؛ ورنہ بدعت ہماری نئی نسلوں کو الحاد و لادینیت کی تند و تیز آندھیوں سے اعتقاد و یقین کو گرد آلود کر دے گی اور ایمان وایقان کی عمارت کو ڈھا کر غارت کر دے گی۔ الحمدللہ! آئے دن استقامہ کے سپہ سالار باطل فرقوں سے مناظرہ کر کے میدان فتح کرتے ہیں اور وہابیت و سلفیت کے تابوت کو سمندر کی اتھاہ گہرائی میں دفن کر دیتے ہیں ۔

ان مذکورہ بالا شعبوں کے علاوہ بھی کیمپس ونگ جو ملک گیر سطح پر یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولوں میں پڑھنے والے طلبہ میں تزکیہ نفس اور تصفیۂ باطن اور انقلابی تربیت کے ذریعہ ایک مہذب و شائستہ تعلیم یافتہ طبقہ پیدا کرنے میں کوشاں ہے۔

اغیار تک اسلام کی ہمہ گیر آفاقی تعلیم پہنچانے اور اسلام کی طرف انہیں دعوت دینے کے لیے "عباد ونگ" بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ غریب و نادار مریضوں کی مدد و نصرت کے لئے سہا چاری۔ مدارس دینیہ و جامعات اسلامیہ میں پڑھنے والے طالبان علوم نبویہ کے لئے "طلبہ ونگ" ۔ سوشل میڈیا پر اسلام اور تعلیمات اسلام کے خلاف اٹھنے والے سوالات کا دندان شکن جواب دینے کے لیے سائبر وِنگ (Cyber wing) عملی جدو جہد کر رہی ہے۔ رب قدیر سے دعا ہے کی اللہ تعالی ان سب خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمائے اور اس تنظیم کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ آج کل SKSSF نیشنل کمیٹی کی ممبر شپ کمپین جاری ہے، لہذا تمام حضرات سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ خود بھی ممبر بنیں اور دوسروں کو بھی ممبر بنانے کی کوشش کریں۔۔۔ اور ہمیں اس سے جڑ کر ملت اسلامیہ کی نشاۃ ثانیہ میں اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق رفیق عنایت فرمائے۔

آمین بجاہ سیدالمرسلین صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم۔

Related Posts

Leave A Comment

Voting Poll

Get Newsletter