The Muslim 500 کا 2027ء کا ایڈیشن جاری: سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے پانچ رہنما مشترکہ طور پر پہلے مقام پر
دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات پر مشتمل معروف سالانہ اشاعت The Muslim 500: The World’s 500 Most Influential Muslims کا 18واں ایڈیشن 2027ء جاری کردیا گیا ہے۔ اس سال کی فہرست میں ایک تاریخی تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے، جہاں سعودی عرب، پاکستان اور ترکی سے تعلق رکھنے والی پانچ اہم شخصیات کو مشترکہ طور پر پہلا مقام دیا گیا ہے، جبکہ غزہ کے ممتاز فلسطینی ماہرِ اطفال ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو Man of the Year 2027 قرار دیا گیا ہے۔
اردن کے دارالحکومت عمان میں قائم The Royal Islamic Strategic Studies Centre (RISSC) کی جانب سے شائع ہونے والی اس سالانہ رپورٹ میں مسلم دنیا کی ان نمایاں شخصیات کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے مذہبی، سیاسی، علمی، سماجی، ثقافتی اور معاشی میدانوں میں غیر معمولی اثرات مرتب کیے ہیں۔
The Muslim 500 کی 18 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پانچ شخصیات کو مشترکہ طور پر سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے۔ ان میں سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فوجی سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیز ترکی کے صدر رجب طیب اردوان شامل ہیں۔ رپورٹ میں اس مشترکہ درجہ بندی کو سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک تعلقات اور علاقائی دفاعی تعاون کی اہمیت سے جوڑا گیا ہے۔
سرِفہرست شخصیات کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو چوتھا، اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو پانچواں اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو چھٹا مقام دیا گیا ہے۔ دینی و علمی شخصیات میں پاکستان کے ممتاز عالمِ دین مفتی محمد تقی عثمانی ساتویں اور یمن کے معروف عالم، روحانی رہنما اور دارالمصطفیٰ تریم کے بانی الحبیب عمر بن حفیظ آٹھویں مقام پر فائز ہیں۔ دیگر نمایاں شخصیات میں ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم 13ویں، انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو 16ویں، نہضۃ العلماء کے چیئرمین یحییٰ خلیل ستاقف 21ویں اور انڈونیشیا کے معروف عالمِ دین حبیب لطفی بن یحییٰ 31ویں مقام پر شامل ہیں۔

اس سال کے ایڈیشن میں ہندوستان کی متعدد ممتاز مسلم شخصیات کو بھی ان کی دینی، علمی، تعلیمی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں شامل کیا گیا ہے۔ ان میں دارالہدیٰ اسلامک یونیورسٹی، کیرالا کے بانی وائس چانسلر ڈاکٹر بہاء الدین محمد جمال الدین ندوی کو خصوصی طور پر علمی و تحقیقی زمرے (Scholarly Category) میں جگہ دی گئی ہے۔ رپورٹ میں اسلامی تعلیم کے فروغ، ان کی وسیع علمی و تصنیفی خدمات، بالخصوص قرآنِ کریم کے ملیالم زبان میں اہم ترجمہ و تفسیر، اور اسلامی مطالعات کے بین الاقوامی مجلے Islamic Insight کے مدیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے ان کے علمی و تحقیقی کردار کو نمایاں کیا گیا ہے۔ مزید برآں، سماستھا کیرالا جمعیت العلماء اور سماستھا کیرالا جمعیت المعلمین میں ان کی قیادت اور خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا ہے۔
ہندوستان سے شامل دیگر ممتاز شخصیات میں شیخ ابوبکر احمد، سید ابراہیم الخلیل البخاری، مولانا محمود مدنی، مولانا سید ارشد مدنی، مولانا سعد کاندھلوی، مفتی ابوالقاسم نعمانی اور ڈاکٹر ذاکر نائک کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ ان شخصیات کی شمولیت اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ ہندوستانی مسلمان دینی علوم، اسلامی تعلیم، مذہبی قیادت، سماجی خدمات اور عالمی سطح پر فکری و علمی مکالمے میں مسلسل اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس ایڈیشن کی ایک اہم خصوصیت غزہ اور ایران سے تعلق رکھنے والی دو شخصیات کو Persons of the Year کے طور پر اعزاز سے نوازنا بھی ہے۔ شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر اور ممتاز ماہرِ اطفال ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو Man of the Year 2027 منتخب کیا گیا ہے۔ انہیں 27 دسمبر 2024ء کو اسرائیلی فوج کی جانب سے کمال عدوان اسپتال میں کی گئی کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔ رپورٹ میں ان کی طبی خدمات، شدید دشواریوں اور طبی وسائل کی قلت کے باوجود مریضوں کے ساتھ اسپتال میں موجود رہنے کے عزم، اور اپنے بیٹے کی وفات جیسے المناک حالات کے باوجود انسانی خدمت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ انہیں مجموعی درجہ بندی میں بھی 50واں مقام حاصل ہوا ہے۔
اسی طرح ایران کے شہر میناب کے شجرہ طیبہ ایلیمنٹری اسکول پر فروری 2026ء میں ہونے والے حملے میں زندہ بچ جانے والی طالبہ فاطمہ زہرا شیخ آبادی کو Woman of the Year 2027 قرار دیا گیا ہے۔ اس اعزاز میں انہیں ان کی ہم جماعت طالبات اور اساتذہ کے ساتھ یاد کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں سانحے کے بعد ان کی جانب سے عالمی سطح پر آواز اٹھانے اور جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (United Nations Human Rights Council) کے سامنے اپنے تجربات بیان کرنے کی کوششوں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ The Muslim 500 میں اثر و رسوخ کا تعین محض شہرت یا منصب کی بنیاد پر نہیں کیا جاتا، بلکہ اس بات کو پیشِ نظر رکھا جاتا ہے کہ کسی شخصیت نے مسلم معاشرے اور دنیا بھر کے مسلمانوں پر کس حد تک اثرات مرتب کیے ہیں۔ اس میں دینی و علمی خدمات، سیاسی قیادت، سماجی سرگرمیوں، ثقافتی کردار، فلاحی خدمات اور معاشی اثر و رسوخ جیسے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ ادارتی تعارف کے مطابق شخصیات کے انتخاب میں ماہرین کی آرا، عوامی نامزدگیوں اور سماجی اشاریوں سے استفادہ کیا جاتا ہے، جبکہ کسی شخصیت کی طویل المدتی خدمات کو ایک سال کی انفرادی کامیابیوں کے مقابلے میں زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ اشاعت یہ وضاحت بھی کرتی ہے کہ فہرست میں کسی شخصیت کی شمولیت اس کے تمام نظریات یا اقدامات کی تائید و حمایت کا اظہار نہیں ہے۔
2027ء کے ایڈیشن میں دنیا بھر کے مسلمانوں کی مجموعی آبادی تقریباً 2.2 ارب بتائی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں 50 سرِفہرست شخصیات کی باقاعدہ درجہ بندی کی گئی ہے، جبکہ دیگر 450 شخصیات کو 13 مختلف شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں علمی و تحقیقی خدمات، سیاست، دینی انتظام و قیادت، فلاح و بہبود، سائنس و ٹیکنالوجی، ذرائع ابلاغ، فنون و ثقافت اور سماجی مسائل جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مسلم دنیا کی تازہ صورتِ حال، غزہ اور مغربی کنارے کے حالات، مختلف مسلم ممالک کے تجزیے اور مسلم معاشروں کو درپیش عصری چیلنجز پر خصوصی مضامین بھی اس ایڈیشن کا حصہ ہیں۔
بلاشبہ The Muslim 500 – 2027 Edition مسلم دنیا کی علمی، دینی، سیاسی اور سماجی قیادت کا ایک اہم جائزہ پیش کرتا ہے۔ اس میں ہندوستانی مسلم شخصیات، بالخصوص ڈاکٹر بہاء الدین محمد جمال الدین ندوی کی شمولیت، ہندوستان میں اسلامی تعلیم و تحقیق کی خدمات کے عالمی اعتراف کی ایک قابلِ ذکر مثال ہے۔
2027ء کی مکمل درجہ بندی، شخصیات کے تعارف اور تفصیلی رپورٹ کے لیے سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کی جاسکتی ہے:
Official Website: TheMuslim500.com – 2027 Edition